مرکزی مینیو کھولیں

ویکی شیعہ β

جنگ صفین
سلسلۃ المحارب: امام علیؑ کی جنگیں
صفین.jpeg
صفین کا محل وقوع
تاریخ: صفر سنہ 37 ہجری
مقام: منطقۂ صفین
نتیجہ: حَکَمِیَت پر جنگ کا اختتام
قلمرو: شام کا سرحدی علاقہ
فریقین:
لشکر امام علیؑ لشکر شام
سپہ سالار:
امیرالمؤمنین علیؑ معاویہ بن ابی سفیان
نقصان:
25 ہزار اصحاب کی شہادت 45 ہزار افراد کی ہلاکت


جنگ صفین صفر سنہ 37 ہجری میں امیرالمؤمنینؑ اور معاویہ بن ابی سفیان کے درمیان صفین کے مقام پر لڑی گئی جنگ کا نام ہے۔ اس جنگ میں معاویہ اور اس کی سپاہ قاسطین (ظالم و ستمگر) کے عنوان سے ملقب ہوئے۔ جنگ زوروں پر تھی اور سپاہ معاویہ کی شکست واضح ہو چکی تھی کہ اسی دوران شامی لشکر نے قرآن کے نسخے نیزوں پر اٹھا لئے جس کی وجہ سے امیرالمؤمنینؑ کی سپاہ کے ایک حصے نے جنگ جاری رکھنے سے ہاتھ کھینچ لیا۔ آخر کار فریقین کی طرف سے دو افراد فیصلہ کرنے کے لئے مقرر کئے گئے اور جنگ اختتام پذیر ہوئی۔ عمار یاسر و خزیمہ بن ثابت اس جنگ میں شہید ہوئے۔ [1]

فہرست

جنگ کی تمہیدات

جنگ صفین کی کی شروعات اس وقت سے ہوئی جب امام علیؑ نے عہدہ خلافت سنبھالا؛ کیونکہ آپؑ نے ابتداء میں عبداللہ بن عباس کو شام کے والی کے طور پر روانہ کرنا چاہا اور معاویہ کو خط لکھا کہ
"لوگوں نے مجھ سے مشورہ کئے بغیر عثمان کو قتل کیا لیکن اب مشورے اور اجتماع کے بعد انھوں نے مجھے خلیفہ کے طور پر منتخب کیا ہے چنانچہ تم اشراف شام کو لے کر مدینہ چلے آؤ"

امیرالمؤمنینؑ نے اپنے ایک خط میں معاویہ کو لکھا:
« میری بیعت ایک عمومی بیعت اور تمام مسلمانوں پر مشتمل بیعت ہے؛ اس میں اہلیان مدینہ کے بشمول بصرہ اور شام کے عوام بھی شامل ہیں اور تم نے گمان کیا ہے کہ مجھ پر قتل عثمان کا بہتان لگا کر میری بیعت سے سرتابی کر سکتے ہو؟ سب جانتے ہیں کہ میں نے انہیں قتل نہیں کیا ہے کہ اب ان کا قصاص مجھ پر لازم آتا ہو اور وارثان عثمان ان کے خون کی طلب کے سلسلے میں تم سے زیادہ صاحب حق ہیں اور تم خود ان لوگوں میں سے ہو جنہوں نے ان کی مخالفت کی اور جس وقت انھوں نے تم سے مدد مانگی تم نے مدد نہ کی حتی کہ انہیں قتل کیا گیا»۔[2] بلاذری کے بقول معاویہ نے خط کا جواب نہیں دیا۔[3]

امیرالمؤمنینؑ نے کئی مکاتیب میں تصریح فرمائی کہ «اے معاویہ! عثمان کے قاتل تم ہو اور جس دن تمہاری مدد عثمان کے کام آ سکتی تھی تو نے مدد سے دریغ کیا۔[4] یا یہ کہ فواللہ ما قتل ابن عمك غيرك(ترجمہ: ترجمہ: پس اللہ کی قسم کہ تمہارے سوا کوئی بھی تمہارے چچازاد بھائی کا قاتل نہیں ہے)"۔[5] یا ولعمري! ما قتلہ غيرك(ترجمہ: میری جان کی قسم! تمہارے سوا کوئی بھی عثمان کا قاتل نہیں ہے)"۔[6]

منقول ہے کہ عثمان نے خط لکھ کر درد بھرے انداز سے معاویہ سے مدد مانگی اور جلدی کرنے کی درخواست کی[7] چنانچہ معاویہ 12000 کا لشکر لے کر مدینہ سے 30 کلومیٹر دور آکر خیمہ زن ہوا۔ لشکر کو وہیں چھوڑ کر مدینہ چلا آیا۔ عثمان نے پوچھا: تمہارا لشکر کہاں ہے؟ معاویہ نے کہا: لشکر یہیں قریب ہے میں حالات دیکھنے آیا ہوں۔ عثمان نے کہا: میں نے سب کچھ تمہیں لکھ دیا تھا اور کہا: نہیں، خدا کی قسم! تم چاہتے ہو کہ میں مارا جاؤں اور تم جا کر دعوی کر سکو کہ تم ہی میرے خون کے وارث و مالک ہو! جاؤ لشکر کے ساتھ آؤ۔ معاویہ چلا گیا اور واپس نہ آیا حتی کہ عثمان قتل کئے گئے۔[8]

یزید بن اسد کی روایت ہے کہ معاویہ اپنی امدادی فوج مدینہ میں نہیں لایا اور اس کو بیچ راستے روکے رکھا کیونکہ وہ عثمان کے قتل کا خواہاں تھا تاکہ وہ لوگوں کو اپنی بیعت کے لئے بلا سکے۔[9]

طبری شبث بن ربعی سے نقل کرتا ہے: لوگوں نے معاویہ سے کہا: ہم جانتے ہیں کہ تو نے عثمان کو مدد پہنچانے میں کوتاہی کی کیونکہ تمہاری خواہش یہی تھی کہ وہ مارے جائیں اور تم خود خلافت کو اپنے لئے قرار دو۔[10]

ابو طفیل ـ جو صحابہ میں سے ہیں ـ نے معاویہ سے مخاطب ہوکر کہا: تم شام میں تھے اور یہاں سب تمہاری پیروی کرتے تھے اس کے باوجود تم نے عثمان کی مدد کیوں نہیں کی؟ معاویہ نے کہا: تم نہیں دیکھ رہے ہو کہ میں عثمان کے خون کا بدلہ لینے کے لئے اٹھا ہوا ہوں؟ ابو طفیل نے کہا: ہاں میں جانتا ہوں لیکن شاعر کہتا ہے: "تو میری زندگی میں ایک بار بھی میرا حال پوچھنے نہیں آیا؛ اب تم میری موت کے بعد میرے لئے نالہ و فریاد کرتا ہے اور سینہ پیٹتا ہے!!![11]۔[12]

معاویہ کا وزير اور دست راست عمرو بن عاص بھی اس سلسلے میں خاموش نہیں رہ سکا اور معاویہ سے کہا: "بے شک عثمان کے اصل قاتل تم ہو۔[13]

جنگ جمل کے بعد بھی امیرالمؤمنینؑ نے کوفہ میں قیام فرمایا اور کوشش کی کہ معاویہ کو اطاعت پر آمادہ کریں۔[14]

معاویہ کے مددگار

امام علیؑ کے دور حکومت کی جنگیں مد مقابل لشکر تاریخ وقوع
جنگ جمل طلحہ و زبیر کا لشکر 15 جمادی الثانی سنہ 36 ہجری
جنگ صفین معاویہ کا لشکر صفر سنہ 37 ہجری
جنگ نہروان خوارج کا لشکر صفر سنہ 38 ہجری

عمرو بن عاص (اس وقت فلسطین میں تھا۔ معاویہ نے اس کے مشوروں سے فائدہ اٹھانے کے لئے اسے مصر کی حکومت کا وعدہ دے کر شام بلوایا)،[15] عبید اللہ بن عمر، عبد الرحمن بن خالد بن ولید، عبداللہ بن عمرو بن عاص، مروان بن حکم، معاویہ بن حدیج، ضحاک بن قیس، بسر بن ارطاۃ، شرحبیل بن سمط کندی اور حبیب بن مسلمہ۔[16]

امیرالمؤمنینؑ کی دعوت جہاد

امام علیؑ نے فرمایا:
"نحن النجباء، وأفراطنا أفراط الانبیاء، وحزبنا للہ حزب، وحزب الفئة الباغیة حزب الشیطان، و من سوّی بیننا وبین عدونا فلیس منا(ترجمہ: ہم منتخب اور برگزیدہ ہیں اور ہم سے گذرنا ـ (اور ہمیں نظرانداز کرنا) انبیاء سے گذرنے کے مترادف ہے اور ہماری جماعت اللہ کی جماعت ہے اور باغی جماعت شیطان کی جماعت ہے اور جو ہمیں اور ہمارے دشمنوں کو یکسان سمجھے وہ ہم سے نہیں ہے۔)

ابن حنبل، فضائل امیرالمؤمنین علی بن ابی طالبؑ، ص310۔

امامؑ مطمئن ہوئے کہ معاویہ طاقت کی زبان کے سوا دوسری زبان نہیں سمجھتا اور دوسری جانب سے کوفہ کے زعماء شام کے ساتھ جنگ میں آپؑ کے ساتھ ہیں تو آپؑ نے خطبہ دے کر لوگوں کو جہاد کی دعوت دی۔ آپؑ نے عبداللہ بن عباس کو مکتوب روانہ کیا کہ بصرہ کے عوام کو آپؑ کا ساتھ دینے کی دعوت دیں اور یوں بصرہ کے بہت سے لوگ ابن عباس کے ساتھ کوفہ چلے آئے۔ نیز آپؑ نے اصفہان کے والی مخنف بن سلیم کو بھی خط لکھا اور ہدایت کی کہ اپنی سپاہ کے ساتھ آپؑ سے آملیں۔[17]

جنگ کا آغاز

آخر کار امام علی علیہ السلام کی سپاہ عراق اور شام کے شمال میں اور روم کی سرحد پر سپاہ شام کے آمنے سامنے قرار پائی۔ امیرالمؤمنینؑ نے مالک اشتر کو ان کی طرف روانہ کیا اور ان سے تاکید فرمائی کہ کسی طور بھی جنگ کا آغاز نہ کریں۔ مالک کے آنے کے ساتھ ہی سپاہ شام نے جنگ کا آغاز کردیا اور فریقین کے درمیان جنگ چھڑ گئی جس کے بعد سپاہ شام پسپا ہوگئی۔[18]

بعض لوگوں کو یہ سوال درپیش تھا کہ امام علیؑ ان کے ساتھ کیونکر لڑ رہے ہیں جبکہ وہ مسلمان ہیں اور رسول اللہؐ نے فرمایا ہے: ہمیں جنگ کا حکم دیا گیا ہے اس وقت تک کہ لوگ توحید کی گواہی دیں، اور جب گواہی دیں تب ان کی جان اور ان کا مال محفوظ ہے۔ لیکن عمار یاسر نے ان لوگوں کا جواب دیتے ہوئے کہا: یہ بات صحیح ہے لیکن یہ لوگ اسلام نہیں لائے ہیں، وہ باطن میں کفر ہی برتتے تھے آج تک انہوں نے اعوان و انصار اپنے گرد جمع کئے ہیں۔[19]

جنگ میں خواتین کی موجودگی

کوفہ کی بعض خواتین بھی صفین میں موجود تھیں جو شعر کہتی تھیں جن میں وہ امیرالمؤمنینؑ کی مدح کرتی تھیں اور آپؑ کے فضائل بیان کرتی تھیں اور خلیفۃ المسلمین کی سپاہ کو باغی فوج کے خلاف جنگ کی ترغیب دلاتی تھیں۔ سورہ بنت عمارہ ہمدانی اور ام سنان،[20] زرقاء بن تعدی ہمدانی،[21] ام الخیر اور جروہ بنت مرہ بن غالب تمیمی ان ہی خواتین میں شامل تھیں۔[22]

جنگ بندی

اکا دکا لڑائیوں کے بعد محرم الحرام کا مہینہ شروع ہوتا ہے قرار پایا کہ جنگ روک دی جائے۔[23]

لیکن امیرالمؤمنینؑ اور معاویہ کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات جاری تھے اور معاویہ نے جنگ بندی کو عمار یاسر، عدی بن حاتم، مالک اشتر سمیت ان لوگوں کے قتل سے مشروط کردیا جو اس کے خیال میں قتل عثمان میں ملوث تھے! یہ شرط نہ تو امیرالمؤمنینؑ کے لئے قابل قبول تھی اور نہ ہی عراقی عوام کے لئے اور پھر ان افراد نے عثمان کے قتل میں کوئی کردار بھی ادا نہیں کیا تھا۔ یہ مسئلہ اس سے پہلے بھی مسجد کوفہ میں جب ابو مسلم خولانی نے معاویہ کا خط لا کر امیرالمؤمنینؑ سے عثمان کے قاتلوں کے حوالے کرنے کی درخواست کی تھی تب بھی مسجد میں موجود تمام افراد نے کھڑے ہوکر کہا تھا: "ہم سب عثمان کے قاتل ہیں"۔[24]

صفین میں یہی واقعہ دہرایا گیا اور سپاہ امیرالمؤمنینؑ میں سے 20000 افراد نے الگ ہوکر کہا: "ہم عثمان کے قاتل ہیں"۔[25]

معاویہ درحقیقت جنگ کا ارادہ رکھتا تھا اور یہ شرطیں وہ اس لئے لگا رہا تھا کہ اس کو معلوم تھا کہ امیرالمؤمنینؑ اس کا یہ مطالبہ کسی صورت میں بھی قبول نہیں کریں گے۔ وہ مذاکرات کے مواقع فراہم کرکے ان افراد کو دھوکہ دے کر اپنی طرف مائل کرانا چاہتا تھا جو اس کے خیال میں امامؑ سے منحرف ہو سکتے تھے! چنانچہ اس نے امامؑ کی طرف سے مذاکرات کے لئے آئے "زیاد بن حفصہ" سے کہا: "میں تم سے تقاضا کرتا ہوں کہ اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ آکر ہم سے آ ملو اور میں عہد کرتا ہوں کہ فتح کی صورت میں سے کوفہ اور بصرہ میں سے ایک شہر تمہارے سپرد کروں"۔ زیاد نے کہا: "جو نعمت مجھے اللہ نے عطا کی ہے اس کے لئے میرے پاس اللہ کی جانب سے واضح برہان موجود ہے اور ہرگز خطا کاروں کا حامی نہیں بننا چاہتا"۔[26] بہرحال جنگ بندی جاری نہ رہ سکی۔

جنگ کا دوبارہ آغاز

صفر سنہ 37 ہجری کو دو لشکروں کے درمیان گھمسان کی جنگ ہوئی۔ ہر روز امیرالمؤمنینؑ کا ایک سپہ سالار اگلی صفوں کی کمان سنبھالتا تھا، پہلے روز مالک اشتر، دوسرے روز ہاشم بن عتبہ، تیسرے روز عمار یاسر، چوتھے روز محمد حنفیہ اور پانچویں روز عبداللہ بن عباس سپاہ امیرالمؤمنینؑ کے سپہ سالار تھے۔[27]

متعلقہ مضامین

حوالہ جات

  1. یعقوبی، تاریخ یعقوبی، ج2، ص88 اور بعد کے صفحات۔ خلیفۃ، تاریخ خلیفۃ بن خیاط، ص 144۔
  2. ابن ابی الحدید، شرح نہج البلاغۃ، ج3، ص89۔
  3. بلاذری، انساب الاشراف، ج2، ص211۔
  4. امام علیؑ، نہج البلاغۃ، مکتوب37۔
  5. (ابن عبد ربہ، العقد الفريد، دار الكتب العلميۃ، ج3، ص333۔
  6. امام علیؑ، نہج البلاغہ، مکتوب 10 ؛ ابن ابی الحدید، شرح نہج البلاغہ ج15، ص84۔
  7. إبن قتيبۃ الدينوري، الإمامۃ و السياسۃ، تحقيق شيري، ج1، ص54۔
  8. یعقوبی، تاریخ الیعقوبی، دار صادر بیروت، ج2، ص175۔
  9. بلاذري، أنساب الأشراف، ج6، ص188۔و ابن شبۃ، تاريخ مدينہ، ج4، ص1289۔
  10. طبری، تاريخ الطبري، ج3، ص570۔و ابن اثیر، الکامل فی التاریخ، ج3، ص286۔
  11. إبن الأثير، أسد الغابۃ، ج5، ص234۔
  12. إبن عبد البر، الإستيعاب، ج4، ص1697۔و۔إبن عساكر، تاريخ مدينۃ دمشق، ج26، ص116۔و إبن قتيبۃ الدينوري، الامامۃ والسياسۃ تحقيق الشيري، ج1، ص215۔
  13. بلاذري، أنساب الأشراف، ج6، ص288۔؛ إبن قتيبۃ الدينوري، الإمامۃ و السياسۃ، تحقيق الزيني، ج1، ص88۔
  14. ابن اعثم، الفتوح، ج2، ص375۔
  15. ابن اعثم، الفتوح، ج2، ص382۔
  16. ابن مزاحم، وقعۃ صفین، ص 195، 429، 461، 552 و 455۔؛ ابن اثیر، اسد الغابۃ، ج 3، ص 436۔؛ ذہبی، سیر اعلام النبلاء، ج 2، ص 392۔؛ ذہبی، وہی ماخذ، 3، ص 91 ؛ ۔
  17. ابن مزاحم، وقعۃ صفین، ص 115۔
  18. جعفریان، تاریخ خلفاء، ص 276۔
  19. ابن مزاحم، وقعۃ صفین، ص215۔
  20. ابن اعثم، الفتوح، ج 2، ص 101۔
  21. ابن اعثم، الفتوح، ج 3، ص 142۔
  22. ابن بکار، الوافدات من النساء علی معاویہ بن ابی سفیان، ص 36۔
  23. ابن مزاحم، وقعۃ صفین، ص 196۔
  24. دینوری، اخبار الطوال، ص 163۔
  25. دینوری، اخبار الطوال، مان، ص 170۔
  26. ابن مزاحم، وقعۃ صفین، ص 199۔
  27. بلاذری، انساب الاشراف، ج2، ص305۔


مآخذ

  • ابن ابی الحدید، شرح نهج البلاغہ، تحقیق محمد ابو الفضل ابراهیم، بیروت، دار احیاء التراث العربی، بی‌تا.
  • ابن اثیر، عز الدین ابو الحسن، الکامل فی التاریخ، بیروت، دار احیاء التراث العربی، چاپ اول، ۱۴۰۸ق.
  • ابن اعثم، محمد بن علی، الفتوح، بیروت، دار الندوه، [بی‌تا] و دار الأضواء، ۱۴۱۱ق.
  • ابن بکار، اخبار الوافدات من النساء علی معاویہ بن ابی سفیان، بیروت، مؤسسة الرسالہ، بی‌تا.
  • ابن جوزی حنبلی، المنتظم فی تاریخ الملوک والأمم، بیروت، دار صادر، بی‌تا.
  • ابن حنبل، احمد، فضائل امیرالمؤمنین علی بن ابی طالب، تحقیق سید عبد العزیز طباطبایی، قم، دار التفسیر، ۱۴۳۳ق.
  • ابن شهر آشوب، مناقب آل ابی طالب، تحقیق یوسف البقاعی، بیروت، دار الاضواء، بی‌تا.
  • ابن عساکر، علی بن حسن، تاریخ دمشق الکبیر، تحقیق ابی‌ عبدالله علی عاشور الجنوبی، بیروت، دار احیاء التراث العربی، چاپ اول، ۱۴۲۱ق.
  • ابن مزاحم، نصر، وقعة صفین، تحقیق عبد السلام محمد هارون، قم، منشورات مكتبة المرعشی النجفی، چاپ دوم، ۱۴۰۳ق.
  • ابن مسکویہ، ابوعلی، تجارب الأمم، تحقیق ابو القاسم امامی، تهران، سروش، چاپ دوم، ۱۳۷۹ش.
  • بلاذری، احمد بن یحیی، انساب الاشراف، تحقیق محمد باقر محمودی، بیروت، موسسہ الاعلمی، بی‌تا.
  • جعفریان، رسول، تاریخ خلفاء، قم، انتشارات دلیل ما، بی‌تا.
  • دینوری، احمد، الاخبار الطوال، بہ کوشش عبد المنعم عامر، قاهره، بی‌نا، ۱۹۶۰ء.
  • ذهبی، محمد بن احمد، سیر اعلام النبلاء، تحقیق محب الدین ابو سعید، بیروت، دار الفکر، بی‌تا.
  • سبط بن جوزی، تذکرة الخواص، قم، منشورات الشریف الرضی، چاپ اول، ۱۴۱۸ق.
  • منتظری مقدم، حامد، «روابط امام علی (ع) و معاویہ» (از خلافت تا جنگ صفین)، در مجله معرفت شماره ۵۲، ۱۳۸۱ش.